نادرا کی نئی سہولت، شہریوں کو دفاتر کے چکروں سے نجات مل گئی

اسلام آباد: ملک بھر کے شہریوں کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی گئی ہے، جس کے تحت اب پیدائش، وفات، شادی اور طلاق سے متعلق سرٹیفکیٹس کی ڈپلیکیٹ کاپی حاصل کرنے کے لیے ہر بار نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے سرٹیفکیٹس کے حصول کا عمل مزید آسان بناتے ہوئے نئی سہولت متعارف کرائی ہے۔نادرا حکام کے مطابق شہری اب پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اگر کسی شہری کا پیدائش، وفات، شادی یا طلاق سے متعلق سرٹیفکیٹ پہلے ہی متعلقہ یونین کونسل سے جاری ہوچکا ہے اور اسے دوبارہ سرٹیفکیٹ درکار ہے تو وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے ڈپلیکیٹ کاپی کے حصول کے لیے درخواست جمع کرا سکتا ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو سرٹیفکیٹس کے حصول کے لیے غیرضروری طور پر دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور سرکاری خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔ نئی سہولت کے باعث شہری اپنے گھر سے درخواست دینے کے عمل سے فائدہ اٹھا سکیں گے، جس سے وقت اور سفر دونوں کی بچت ہوگی۔حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی شہری کا سرٹیفکیٹ پہلے سے متعلقہ یونین کونسل میں جاری ہوچکا ہے تو وہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ یونین کونسل سے رجوع کرکے بھی سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتا ہے۔ یعنی شہریوں کے لیے یونین کونسل سے براہ راست سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ بھی دستیاب رہے گا۔نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرانے کی سہولت سندھ اور پنجاب کی تمام یونین کونسلز، اسلام آباد، خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع جبکہ بلوچستان کے منتخب اضلاع میں دستیاب ہے۔اس نئی سہولت کو شہریوں کے لیے ڈیجیٹل سرکاری خدمات کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے خاص طور پر ان افراد کو فائدہ ہوگا جو سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے بار بار سرکاری دفاتر جانے کی دشواری سے بچنا چاہتے ہیں۔نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ پیدائش، وفات، شادی یا طلاق سے متعلق سرٹیفکیٹ کی ڈپلیکیٹ کاپی درکار ہونے کی صورت میں پاک آئی ڈی موبائل ایپ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ مزید معلومات، رہنمائی یا کسی مسئلے کی صورت میں نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔