کویت سٹی: کویت حکومت نے ڈرون استعمال کرنے والوں کے لیے ایک جامع قانونی نظام نافذ کردیا ہے، جس کے تحت بغیر اجازت ڈرون اڑانے پر قید، بھاری جرمانے اور ڈرون ضبط کیے جانے کی سزا ہوسکتی ہے۔ نئے قانون کے تحت ڈرون کے استعمال کو لائسنس، رجسٹریشن اور سیکیورٹی منظوری کے نظام سے منسلک کردیا گیا ہے۔عرب ٹائمز آن لائن کے مطابق کویت نے ڈرونز، ہلکے کھیلوں کے طیاروں اور فضائی کھیلوں کے استعمال کے حوالے سے نیا جامع قانونی نظام نافذ کیا ہے۔ قانونی فرمان نمبر 89، 2026 سرکاری گزٹ ”کویت الیوم“ میں شائع ہوتے ہی نافذ العمل ہوگیا۔نئے قانون کے تحت بغیر اجازت ڈرون چلانے پر قید کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 5 ہزار کویتی دینار تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ ڈرون استعمال کرنے کے لیے رجسٹریشن، ایئر ورتھینس سرٹیفکیٹ، آپریٹنگ لائسنس اور متعلقہ سرکاری اجازت نامے ضروری ہوں گے۔ وزارت داخلہ کی منظوری کے بغیر ڈرون یا متعلقہ طیارے کا استعمال ممنوع قرار دیا گیا ہے۔قانون میں ڈرون کی درآمد، تیاری، اسمبلنگ، پروگرامنگ، ترمیم اور تجارتی استعمال کے لیے بھی مخصوص اجازت اور منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔ ہوائی اڈوں، ممنوعہ علاقوں اور محدود زونز میں ڈرون کی پرواز پر پابندی ہوگی۔اسی طرح رات کے وقت اور خراب موسم میں ڈرون اڑانے کی اجازت نہیں ہوگی، تاہم خصوصی اجازت کی صورت میں اس پابندی سے استثنا دیا جاسکتا ہے۔ ڈرون کے ذریعے لوگوں، نجی املاک اور بعض عوامی و سرکاری تنصیبات کی تصاویر یا ویڈیوز بنانے پر بھی قانونی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔حکومتی اداروں کو ہنگامی، طبی، سائنسی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون استعمال کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ فوجی استعمال کے حوالے سے وزارت دفاع کو خصوصی استثنا حاصل ہوگا۔قانون کے تحت حکام کو ایسے ڈرونز کے خلاف کارروائی کا اختیار بھی دیا گیا ہے جو کسی قسم کا خطرہ پیدا کریں۔ حکام ضرورت کے مطابق خطرناک طیاروں کو جام، ناکارہ، روکنے یا کنٹرول کرنے کے اقدامات کرسکتے ہیں، جبکہ انتہائی صورت حال میں انہیں مار گرانے کا اختیار بھی موجود ہوگا۔خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق سزا 6 ماہ تک قید اور 700 کویتی دینار تک جرمانے سے لے کر 3 سال تک قید اور 5 ہزار کویتی دینار تک جرمانے تک ہوسکتی ہے۔ دوبارہ خلاف ورزی کرنے یا ڈرون کے غلط استعمال کے نتیجے میں حادثہ پیش آنے کی صورت میں سزا مزید سخت ہوسکتی ہے اور بعض حالات میں جرمانہ یا سزا دوگنی بھی ہوسکتی ہے۔
عدالت کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ ڈرون یا متعلقہ آلات ضبط کرنے، لائسنس منسوخ کرنے اور متعلقہ ادارے یا سہولت کو بند کرنے کا حکم دے۔ موجودہ ڈرون مالکان کو اپنے معاملات نئے قانون کے مطابق کرنے کے لیے ایک سال کی مہلت دی گئی ہے، جبکہ قانون کے تفصیلی انتظامی ضوابط 31 دسمبر 2026 تک جاری کیے جانے ہیں۔