پشاور:خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ کے موبائل فون کے فرانزک کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی بحران اور بداعتمادی کے خاتمے کے لیے حقیقت کا سامنے آنا ناگزیر ہے صوبائی وزیر نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ حالیہ سیاسی بیانیے اور پس پردہ ہونے والی گفتگو کے حقائق جاننے کی خاطر یہ اقدام انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کے سامنے سچائی آشکار ہو سکے۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے خلاف استعمال ہونے والے ہتھکنڈے اب بے نقاب ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت واقعی شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور اپنے دامن کو داغدار ہونے سے بچانا چاہتی ہے تو اسے بلاجھجھک اس نوعیت کے تکنیکی اور فرانزک ٹیسٹ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان اس طرح کے دباؤ سے مرعوب نہیں ہوں گے اور جمہوری حقوق کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھیں گے۔
سیاسی و قانونی حلقوں کی جانب سے شفیع جان کے اس بیان کو انتہائی معنی خیز قرار دیا جا رہا ہے اور اس پر بحث کا آغاز ہو چکا ہے۔