برطانیہ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم پر امیگریشن مخالف تنظیم کا حملہ

پورٹسمتھ:برطانیہ کے شہر پورٹسمتھ میں دورہ کرنے والی پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو اس وقت ایک ناخوش گوار صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک انتہا پسند اور امیگریشن مخالف تنظیم نے کھلاڑیوں کے ہوٹل کو گھیر لیا۔ اطلاعات کے مطابق، اس دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم کے تقریباً تیس مشتعل افراد منگل کے روز اچانک اس ہوٹل کے باہر جمع ہو گئے جہاں قومی جونیئر اسکواڈ کے کھلاڑی مقیم تھے۔ اس احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے نعرے بازی بھی کی گئی، جس سے ہوٹل کے اطراف میں سیکیورٹی خدات کے پیش نظر سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سارا معاملہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کچھ غلط فہمیوں اور پناہ گزینوں سے متعلقہ متنازعہ پوسٹس کے بعد شروع ہوا۔ انتہا پسند عناصر نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں کو جواز بناتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی برطانوی پولیس اور مقامی انتظامیہ فوری طور پر حرکت میں آگئی اور موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔ پولیس نے ہوٹل کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے تاکہ کسی بھی ناخوش گوار واقعے یا کھلاڑیون کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کو روکا جا سکے۔
دوسری جانب، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور برطانیہ میں موجود ٹیم مینجمنٹ نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر برطانوی حکام اور سیکیورٹی اداروں سے رابطہ کیا ہے۔ پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کی حفاظت اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، اور برطانوی انتظامیہ کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے۔ ٹیم کے تمام کھلاڑی بالکل محفوظ ہیں اور مینجمنٹ کی ہدایت پر انہیں ہوٹل کی حدود کے اندر ہی رکھا گیا ہے جبکہ مقامی پولیس صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔