ڈیموکریٹ سینیٹر کرس مرفی نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور فوجی کارروائی کو ’چھوٹی بات‘ قرار دینے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کرس مرفی نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا ایران جنگ کو معمولی نوعیت کا واقعہ قرار دینا انتہائی تشویشناک ہے اور وہ حقیقت سے خطرناک حد تک دور دکھائی دیتے ہیں۔سینیٹر مرفی کے مطابق اس تنازع کے نتیجے میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ امریکی فوجی اڈوں کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے اور امریکا کے میزائل ذخائر بھی تشویشناک حد تک کم ہو گئے ہیں۔انہوں نے امریکا کو درپیش معاشی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں کسانوں کے دیوالیہ ہونے کی شرح ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے، جبکہ عام امریکی خاندان تقریباً 5 ڈالر فی گیلن کے حساب سے مہنگا پٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔کرس مرفی نے مزید کہا کہ ان تمام مشکلات کے باوجود ایران پہلے کے مقابلے میں زیادہ طاقتور ہو کر ابھرا ہے۔
واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوال پر ایران کے خلاف جاری کارروائی کو ’بڑی بات نہیں‘ یا ’چھوٹی بات‘ قرار دیا تھا، جس پر امریکی سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے