سندھ اسمبلی قرارداد کے باوجود وفاقی وزراء کے بیانات ناقابل قبول: پی پی پی

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کا ایک اہم مشاورتی اجلاس صوبائی صدر نثار کھوڑو کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد کے باوجود وفاقی وزراء کی جانب سے دی جانے والے بیانات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ پارٹی ترجمان کے مطابق، اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ وفاقی وزراء کے متنازع بیانات صوبے کی آئینی اور قانونی حیثیت میں غیر آئینی مداخلت کے مترادف ہیں۔ پیپلز پارٹی نے وزیراعظم پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری طور پر نوٹس لیں اور وفاقی وزراء کو اس قسم کے غیر ضروری بیانات سے باز رکھیں۔ اس کے علاوہ، اجلاس کے دوران سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کی ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہ لینے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی کے رویے کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔