میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا اولڈ سٹی ایریا کا تفصیلی دورہ، ترقیاتی کاموں کا جائزہ

کراچی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر کے تاریخی اور گنجان آباد اولڈ سٹی ایریا کا اچانک دورہ کیا اور وہاں جاری مختلف ترقیاتی و بحالی کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ متعلقہ بلدیاتی محکموں کے اعلیٰ حکام اور ٹاؤن کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے ایم اے جناح روڈ، نیپئر روڈ، لی مارکیٹ اور تجارتی مرکز آئی آئی چندریگر روڈ کا پیدل دورہ کیا اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے نظام اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے امور کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔

دورے کے دوران بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایت جاری کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں اور تاجر برادری کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا کراچی کا دل ہے اور اس کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور فٹ پاتھوں کی ازسرنو تعمیر کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے لاکھوں شہریوں کو ریلیف مل سکے۔

لی مارکیٹ اور نیپئر روڈ کے دورے کے موقع پر علاق مکینوں اور تاجروں نے میئر کراچی کا استقبال کیا اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس پر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تاجروں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کراچی کے تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی کاموں کا عمل جاری رہے گا اور بلدیاتی عملہ دن رات عوام کی خدمت کے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ تمام کاروباری مراکز اور رہائشی علاقوں میں صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔