کراچی (ویب ڈیسک): گلشن اقبال کے علاقے میں چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ایک شخص کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا، جبکہ ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گلشن اقبال بلاک 11 میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 52 سالہ واجد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کو سر پر گولی لگی تھی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 55 سالہ راجہ بشیر بھی زخمی ہوا، جسے ٹانگ پر گولی لگی اور اسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول ہوٹل کے باہر کرسی پر بیٹھا ہوا تھا کہ ملزمان عقب سے آئے اور فائرنگ کر کے فرار ہو گئے۔ جائے وقوعہ سے مقتول کا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والا واجد لیاقت آباد کا رہائشی تھا، جبکہ زخمی راجہ بشیر گلشن اقبال کا رہائشی اور پیشے کے لحاظ سے ریکروٹنگ ایجنٹ بتایا جاتا ہے۔
لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ زخمی سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔