بحیرۂ عرب میں پاک بحریہ کا بڑا آپریشن 75 کروڑ ڈالرز کی منشیات ضبط

پاکستان نیوی نے بحیرۂ عرب میں ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ میری ٹائم سیکیورٹی آپریشن کے دوران بین الاقوامی سمندری حدود میں کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کی بڑی کھیپ ضبط کر لی ہے۔ پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ کارروائی ملک دشمن عناصر کے عزائم کو خاک میں ملانے اور سمندری راستوں سے ہونے والی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے مشکوک سرگرمی کی اطلاع ملنے پر بحیرۂ عرب میں ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کو گھیرے میں لیا اور اس کی تلاشی لی۔ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمانڈوز نے کشتی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں تخمینہ شدہ مالیت 75 کروڑ امریکی ڈالر بنتی ہے۔ یہ اب تک کی سمندر میں کی جانے والی سب سے بڑی کارروائیوں میں سے ایک ہے۔ضبط کی جانے والی منشیات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ اس مکروہ دھندے میں ملوث بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کے کارندوں کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دفاعی ماہرین نے پاک بحریہ کی اس شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف ملکی سلامتی کو تقویت ملی ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر منشیات کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم کا بھی اعادہ ہوتا ہے۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت اور خطے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے۔ پاک بحریہ کے جوان وطن عزیز کے سمندری سرحدوں کی پاسبانی کے لیے ہم وقت تیار ہیں اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو آہنی ہاتھوں سے کچلا جائے گا۔ حکومتِ پاکستان اور عسکری قیادت نے اس کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔