پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اتوار 11 جنوری کو کراچی کے باغ جناح میں جلسہ منعقد ہوگا یا نہیں، اس حوالے سے تاحال صورتحال غیر یقینی ہے کیونکہ ضلعی انتظامیہ نے این او سی جاری نہیں کیا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کے دوران باغ جناح میں جلسہ سے خطاب بھی شیڈول کا حصہ ہے، جس کے لیے پی ٹی آئی نے باقاعدہ درخواست دے رکھی ہے، تاہم اسسٹنٹ کمشنر کراچی کی جانب سے اب تک این او سی جاری نہیں کیا گیا۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے زبانی طور پر جلسے کی اجازت دے دی ہے، لیکن تحریری این او سی نہ ملنے کے باعث انتظامات تعطل کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق اتوار کے جلسے کے لیے آج سہ پہر تین بجے تک این او سی جاری ہونا ضروری ہے، کیونکہ اس کے بعد مزار قائد کی انتظامیہ کو چالان جمع کرانا ہوتا ہے۔
راجا اظہر نے بتایا کہ مزار قائد کی انتظامیہ نے این او سی کے ساتھ 25 لاکھ روپے کا پے آرڈر جمع کرانے کی شرط عائد کی ہے، جس میں 20 لاکھ روپے چالان جبکہ 5 لاکھ روپے سیکیورٹی ڈیپازٹ شامل ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ضلعی انتظامیہ فون کالز کا جواب بھی نہیں دے رہی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی چار روزہ دورے پر اپنی کابینہ اور پارٹی ارکان کے ہمراہ کراچی پہنچ چکے ہیں، تاہم ان کی پرواز میں کئی گھنٹے کی تاخیر ہوئی، جس کا الزام انہوں نے انتظامیہ پر عائد کیا ہے۔