خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی چار روزہ دورہ سندھ پر کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کئی گھنٹے کی تاخیر سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ صوبائی کابینہ کے اراکین اور پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمنٹرین بھی موجود تھے۔
ایئرپورٹ پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں حلیم عادل شیخ، کراچی کے صدر راجا اظہر اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا، جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر سعید غنی بھی استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ کے پی کو پارٹی کارکنوں کے جلوس کی صورت میں انصاف ہاؤس لے جایا گیا، جہاں وہ پارٹی کی مقامی قیادت اور منتخب نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کی آمد سے قبل ایئرپورٹ کے احاطے میں استقبال کے لیے آئے پی ٹی آئی کارکنان آپس میں جھگڑ پڑے، جس کے دوران لاتوں اور مکوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ پارٹی قیادت اور دیگر افراد نے مداخلت کرکے حالات کو قابو میں کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اپنے دورہ سندھ کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات، کراچی پریس کلب کا دورہ، انصاف ہاؤس میں اجلاس، حیدرآباد اور کوٹری میں اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت، آئی ایس ایف کنونشن اور اتوار 11 جنوری کو مزار قائد پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔