پارلیمنٹ میں دلچسپ منظر: کامران مرتضیٰ کی سیٹ پر بیٹھی عالیہ کامران

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی مقررہ سیٹ پر ان کی اہلیہ، قومی اسمبلی کی رکن عالیہ کامران بیٹھی ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنے شوہر کو سیٹ دینے سے انکار کر دیا۔قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے جب کامران مرتضیٰ کا مائیک آن کرنے کی کوشش کی تو معلوم ہوا کہ سیٹ خالی نہیں ہے۔ عالیہ کامران نے مائیک پر کہا، “سر، میں سیٹ پر بیٹھی ہوں”، جس پر اسپیکر نے مولانا فضل الرحمان سے مدد طلب کی۔ایاز صادق نے مذاق کے انداز میں کہا کہ “یہ ایک بڑا شرعی مسئلہ بن گیا ہے”، اور عالیہ کامران سیٹ سے اٹھنے لگیں، لیکن اسپیکر نے انہیں بیٹھنے کا کہا۔ آخرکار کامران مرتضیٰ کا مائیک آن کیا گیا، اور جب انہوں نے اپنی حالت بیان کی تو ایوان میں قہقہے گونج اٹھے۔