کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن کے نئے انٹی گریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم (IBMS) کے جدید ورژن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سمیت پاکستان کے تمام بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس مربوط بارڈر مینجمنٹ سسٹم کو کامیابی کے ساتھ فعال کردیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق آئی بی ایم ایس کے ذریعے قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے جبکہ سرحدی کنٹرول کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔حکام نے بتایا کہ اس جدید نظام کے ذریعے پاسپورٹ کی خودکار تصدیق، چہرے کی شناخت کے نظام کے تحت پاسپورٹ ہولڈرز کی بائیو میٹرک شناخت کی جاتی ہے۔اس کے علاوہ غیر ملکی ویزوں کی تصدیق، ایف آر ایس (Face Recognition System) پر مبنی شناخت، محافظ کلیئرنس، سرکاری ملازمین کی شناخت، نیشنل اسٹاپ لسٹ اور انٹرپول ڈیٹا بیس سے فوری تصدیق کی سہولت بھی نظام میں شامل ہے۔