فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر ٹرمپ نے سیز فائر میں توسیع کی، مارک کِمٹ

واشنگٹن (ویب ڈیسک): امریکا کے سابق فوجی جنرل اور ممتاز تجزیہ نگار مارک کِمٹ نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے اپنے دوست فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو انکار کرنا مشکل تھا، اسی لیے سیز فائر میں توسیع ممکن ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق مارک کِمٹ نے انکشاف کیا کہ صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات نے ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی میں سیز فائر کی توسیع میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مسلسل اصرار پر صدر ٹرمپ نے سیز فائر میں توسیع کی منظوری دی، جبکہ یہ پیش رفت فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کے درمیان اعتماد کا مظہر ہے۔

مارک کِمٹ کے مطابق سیز فائر میں توسیع کوئی حیران کن بات نہیں بلکہ دونوں ممالک کی خواہش اور وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ نہ ایران اور نہ ہی امریکا اس وقت مکمل جنگ کی طرف جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں سے یہ سیز فائر ممکن ہوا، جس کا اعتراف صدر ٹرمپ نے بھی اپنے سوشل میڈیا بیان میں کیا۔

صدر ٹرمپ نے پاکستانی قیادت کو غیر معمولی شخصیات قرار دیتے ہوئے ان کی مصالحانہ کوششوں کو سراہا۔