کراچی (ویب ڈیسک): شارع فیصل پولیس نے ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو قتل کرنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں شارع فیصل پولیس نے ڈالمیا قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک خطرناک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم نے دو روز قبل جوہر موڑ کے قریب ایک موٹر مکینک کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا تھا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر کے مطابق پولیس جب اطلاع ملنے پر ڈالمیا قبرستان پہنچی تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ملزم جمال ولد عالم شاہ زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا، جبکہ اس کا ایک ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
مقابلے کے دوران ملزمان کی ایک گولی سب انسپکٹر عاشق کو بھی لگی، تاہم بلٹ پروف جیکٹ پہنے ہونے کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزم کے خلاف شہری کے قتل کا مقدمہ پہلے ہی تھانہ شارع فیصل میں درج تھا۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مفرور ساتھی کی گرفتاری کے لیے علاقے میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔