شرجیل میمن کا ریڈ لائن منصوبے پر 48 گھنٹوں میں کام دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

کراچی (ویب ڈیسک): سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن منصوبے پر 48 گھنٹوں میں دوبارہ کام شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ ریڈ لائن واحد منصوبہ ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، سندھ حکومت نے لاٹ ون اور لاٹ ٹو کو کئی بار بروقت کام مکمل کرنے کے لیے خبردار کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ لاٹ ٹو کے کام پر شکایات تھیں اور منصوبے پر کام درست انداز میں نہیں ہو رہا تھا، اسی وجہ سے حکومت نے متعلقہ کنٹریکٹ ختم کیا۔

شرجیل میمن کے مطابق یہ فیصلہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی مشاورت سے کیا گیا اور حکومت اس کوریڈور کو جلد از جلد مکمل کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 48 گھنٹوں میں منصوبے پر دوبارہ کام شروع کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ شاہراہ بھٹو پر کام کی پیش رفت تسلی بخش ہے اور اسے آئندہ ماہ عوام کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔