پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں، بہت جلد ایشیا کپ کے شیڈول کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ڈھاکا میں ایشین کرکٹ کونسل ( اے سی سی ) کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر اے سی سی اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ اے سی سی اجلاس میں تمام 25 رکن ممالک نے شرکت کی اور ہم سب نے کرکٹ کے لیے کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم میں کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں ہے، بہت ہی خوشگوار ماحول میں یہ اجلاس ہوا اور امید ہے کہ ہم مستقبل میں بھی اسی طرح اجلاس منعقد کریں گے۔ ایشیا کپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ ہم بی سی سی آئی کے ساتھ رابطے میں ہیں،اور بہت جلد ایشیا کپ کے انعقاد کے حوالے سے اعلان کیا جائے گا۔ محسن نقوی سے جب پوچھا گیا کہ ایشیا کپ میں تین بڑے بورڈز کی شرکت مشکوک تھی مگر آخر میں سب شامل ہوگئے تو یہ کیسے ہوا، اس پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ یہ میری وجہ سے نہیں بلکہ اے سی سی کے تمام اراکین کی بدولت ممکن ہوپایا۔ صدر ایشین کرکٹ کونسل اور چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے مزید کہا کہ ایشیا کپ سے پہلے سہ فریقی ٹی 20 سیریز دبئی میں ہوگی جس میں پاکستان، افغانستان اور یواے ای کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔