عالمی شہرت یافتہ بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان تین سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں جس کا انکشاف انہوں نے خود کیا ہے۔ 21 جون ہفتے کو آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ‘دی گریٹ انڈین کپل شو’ کے تیسرے سیزن کی پہلی قسط نشر ہوئی جس میں سلمان خان بطور مہمان شریک ہوئے۔ دوران شو سلمان نے بتایا کہ ٹریجیمینل نیو رالجیا (trigeminal neuralgia)، برین اینیورزم (brain aneurysm) اور آرٹیریو وینس میلفارمیشن (AVM) جیسی مہلک بیماریوں سے لڑ رہے ہیں جس کے بعد ان کے مداح سخت تشویش میں مبتلا ہوگئے۔ 59 سالہ اداکار نے بتایا کہ ہم ہر روز ہڈیاں توڑ رہے ہیں، پسلیاں ٹوٹی ہوئی ہیں، ہم ٹریجیمینل نیورالجیا کے ساتھ کام کر رہے ہیں، دماغ میں اینیورزم ہے، AV میلفارمیشن بھی ہے لیکن پھر بھی ہم چل رہے ہیں اور کام کر رہے ہیں۔ سپر اسٹار کے اس انکشاف کے بعد پروگرام میں موجود مداح اور میزبان کپل شرما بھی اس غیر متوقع انکشاف پر حیران رہ گئے۔