بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، کچھ عناصر ملک کی بہتری پر خوش نہیں ہیں: عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ کچھ عناصر ملک کی بہتری پر خوش نہیں ہیں۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا۔ تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ خوش آئند ہے، اور بجٹ سے متوسط طبقے کو سہارا ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک ایسی مخلوق بھی موجود ہے جو کبھی خوش نہیں ہوتی۔ کل قومی اسمبلی میں جو کچھ ایک مخصوص گروپ نے کیا، وہ پوری قوم نے دیکھا۔ ان کی خواہش ہے کہ پاکستان کو نقصان پہنچے۔ پنجاب میں صفائی کے بہترین انتظامات پر بھی کچھ لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں 2100 پوائنٹس کا اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ واحد جماعت ہے جو ملکی مفاد میں کبھی کوئی مثبت قدم نہیں اٹھاتی۔ اب یہ “واشنگٹن چلو” مہم چلا رہے ہیں، اور ان کے یوٹیوبرز بھی اس مہم کو ہوا دے رہے ہیں، مگر کل خود بیرسٹر گوہر نے کہہ دیا کہ ہم نے ایسا کوئی اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اللہ تعالیٰ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کو عزت دی ہے۔ کچھ یوٹیوبرز جو بیرون ملک بیٹھ کر ملک اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، وہ صرف اپنی عزت گنوا رہے ہیں۔ اگر یہ خود کو کھائی میں گرانا چاہتے ہیں تو پھر ہم کیا کر سکتے ہیں۔