32

بلوچستان:زرغون میں دہشت گردوں کا سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ

بلوچستان کے علاقے زرغون میں دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر حملہ کیا،سکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے علاقے زرغون میں دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا،چیک پوسٹ کوئلے کی کانوں پر حملے کے پیش نظر قائم کی گئی تھی۔سکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 جوان بھی شہید ہو گئے،سکیورٹی فورسز کا ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن جاری ہے۔سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و استحکام کے عمل میں رخنہ ڈالنے کی سازشیں ناکام بنا دے گی۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھی باجوڑ کے علاقے لوئی سم میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی تھی۔سکیورٹی فورسز نے مؤثر جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد کو ہلاک کر دیا تھا،جھڑپ کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ڈی آئی خان کے 23 سالہ سپاہی شفیق الرحمان شہید ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ جبکہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بنوں میں بھی آپریشن کیا،آپریشن بنوں کے علاقے جانی خیل میں کیا گیا۔آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں سکیورٹی فورسز نے دو دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں