عمران خان : کا کہنا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور معاشی صورتحال ابتر ہونے کے باوجود وزیراعظم برطانیہ کے دورے پر ہیں؟ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارا چنار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسکول اساتذہ کو قتل کرنے کے واقعہ کی مذمت کی ہے،انہوں نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ میری دعائیں اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں سوال اٹھایا کہ ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے اور معاشی صورتحال ابتر ہے،تاریخ کی بدترین مہنگائی کے باوجود وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے دورے پر کیا کر رہے ہیں؟یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے دورے پر ہیں،شہباز شریف نے لندن میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کی،وزیراعظم نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو میں کہا کہ ایک ہی دن انتخابات پر قوم کا اتفاق ہے اور ملک میں ایک ساتھ الیکشن ہونے چاہئیں۔نواز شریف بڑے حوصلے میں ہیں اور وہ جلد پاکستان آئیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے اور تمام اداروں کو آئین کی مقرر کردہ حدود میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ ملکی سالمیت وسلامتی اور لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت چیلنجز سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور پاکستان مشکلات سے نکلے گا۔ انصاف ہوتا ہوا نظر آنا چاہیے،عوام اور ملک کی بہتری کا مطلب یہ ہے کہ نظام آئین کے مطابق چلایا جائے،آئین کی بالادستی کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا جبکہ سب کو قانون اور آئین کا احترام کرنا چاہیے۔