دبئی: ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے اپنی دو ایپس اے آر ڈوڈل (AR Doodle) اور کوئک میژر (Quick Measure) کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔کمپنی کے مطابق دونوں ایپس کو 31 دسمبر 2026 کے بعد گلیکسی ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ نہیں کیا جاسکے گا۔رپورٹس کے مطابق سام سنگ نے گلیکسی ایپ اسٹور پر دونوں ایپس کے چینج لاگز اپ ڈیٹ کرتے ہوئے صارفین کو ان کی بندش سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔ بعض نئی ڈیوائسز پر یہ ایپس پہلے ہی دستیاب یا سپورٹڈ نہیں ہیں، جن میں گلیکسی زیڈ فولڈ 8 بھی شامل ہے۔اے آر ڈوڈل صارفین کو فون کے کیمرے کے ذریعے ہوا میں ورچوئل ڈرائنگ بنانے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ یہ ڈرائنگ چہرے یا دیگر اشیا کے ساتھ منسلک رہتی ہے، جبکہ اسٹائلس سپورٹ کرنے والے فونز پر اسٹائلس بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔دوسری جانب کوئک میژر ایپ کے ذریعے فون کے کیمرے کی مدد سے بڑی اشیا، دیواروں اور دیگر جسمانی چیزوں کے اندازاً سائز اور فاصلے کی پیمائش کی جاسکتی ہے۔سام سنگ کا کہنا ہے کہ 31 دسمبر 2026 کے بعد دونوں ایپس کی نئی ڈیوائسز پر دستیابی ختم کردی جائے گی جبکہ مستقبل کے آپریٹنگ سسٹم ورژنز میں بھی انہیں سپورٹ حاصل نہیں ہوگی۔رپورٹس کے مطابق امکان ہے کہ یہ تبدیلی ون یو آئی 9 کے مستحکم ورژن کے ساتھ مزید نمایاں ہوجائے گی۔جن صارفین کے فون میں یہ ایپس پہلے سے انسٹال ہیں، وہ ممکنہ طور پر انہیں استعمال جاری رکھ سکیں گے، تاہم یہ سہولت اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک ان کے ڈیوائس کا سافٹ ویئر ان ایپس کو سپورٹ کرتا رہے گا۔