49

ملائیشیا میں روکا گیا پی آئی اے کا طیارہ پاکستان پہنچ گیا، اسلام آباد میں لینڈنگ

ملائیشیا میں روکا گیا پی آئی اے کا طیارہ پاکستان پہنچ گیا، طیارے نے اسلام آباد میں لینڈنگ کی۔ بوئنگ 777 طیارہ لیزنگ کمپنی سے ادائیگی کے تنازع پر عدالتی حکم پر کوالالمپور میں روک لیا گیا تھا۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ملائیشیا کی عدالت سے احکامات جاری ہوتے ہی کوالالمپور سے روانہ ہونے والا پی آئی اے کا طیارہ پاکستان پہنچ گیا۔بوئنگ 777 طیارے نے اسلام آباد میں لینڈنگ کی۔ ذرائع کے مطابق مقامی عدالت نے جمعے کو طیارہ روکنے کے حکم کو پی آئی اے کے حق میں ختم کردیا تھا تاہم بھارتی ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بھارتی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت نہ دینے پر پی آئی اے کے طیارہ روانگی میں تاخیر ہوئی۔ طیارہ لیز پر دینے والی کمپنی نے عدالت سے رجوع کیا تھا کہ پی آئی اے پر 45 لاکھ ڈالر واجب الادا ہیں۔پی آئی اے کی جانب سے اس دعوے کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ طیارے کی ملکیت اس کے پاس ہے جبکہ مذکورہ کمپنی کی زیرملکیت طیارے میں نصب انجنوں میں سے صرف ایک انجن ہے۔ پاکستان ایئر لائنز کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے تصدیق کی کہ کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ روکے گئے طیارے کو مقامی عدالت کے 26 مئی کے فیصلے کو معطل کرنے کے بعد جمعہ کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ جب طیارے کو روکا گیا تھا تو مذکورہ طیارے کے مسافروں کو متبادل طیارے میں منتقل کیا گیا جبکہ مذکورہ طیارے نے بغیر مسافر کے کوالالمپور سے اڑان بھری۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں