38

آئین اور عدلیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے آج قوم سڑکوں پر نکلے،فواد چوہدری چیف جسٹس اور عدلیہ کیخلاف سازشیں عروج پر ہیں،امپورٹڈ حکومت عوام کیلئے خطرہ بن چکی ہے،رہنما تحریک انصاف

لاہور : فواد چوہدری نے آئین اور عدلیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئین اور عدلیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیلئے آج قوم عمران خان کی کال پر باہر نکلے،اس وقت آپ کے حقوق مکمل طور پر سلب ہونے کو ہیں۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت عوام کیلئے خطرہ بن چکی ہے،چیف جسٹس پاکستان اور عدلیہ کے خلاف سازشیں عروج پر ہیں،عوام اپنے اداروں کے دفاع کیلئے باہر نکلیں۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کو لاہور میں ریلی نکالنے کیلئے مشروط اجازت مل گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے زمان پارک سے لکشمی چوک لاہور تک ریلی کا مشروط اجازت نامہ جاری کر دیا۔ضلعی انتظامیہ کے اجازت نامے میں کہا گیا کہ ریلی میں عدلیہ اور اداروں کیخلاف تقاریر کی اجازت نہیں ہو گی،پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے پر پی ٹی آئی انتظامیہ ذار ہو گی۔ ریلی کے دوران کارکنوں کو اسلحہ اور ڈنڈے ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہو گی،جبکہ کاروباری مراکز بھی بند نہیں کیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف نے آج ملک بھر میں سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالنے کا اعلان کر رکھا ہے،دوسری جانب تحریک انصاف کو اسلام آباد میں ریلی نکالنے کی اجازت اب تک نہیں مل سکی،پی ٹی آئی نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔تحریک انصاف نے ریلی کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں کہا گیا کہ ریلی کیلئے ڈپٹی کمشنر سے رجوع کیا گیا مگر انہوں نے این او سی جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں