برطانیہ کے تین بڑے ایئرپورٹس پر سائبر حملہ، 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر

برطانیہ کے تین بڑے ایئرپورٹس مانچسٹر، اسٹینسٹیڈ اور ایسٹ مڈلینڈز سائبر حملے کا نشانہ بن گئے، جس کے نتیجے میں تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے۔مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ کے مطابق ہیکرز نے صارفین کے ای میل ایڈریس، فون نمبرز، پوسٹ کوڈز اور گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز تک رسائی حاصل کی۔ تاہم زیادہ تر صارفین کا صرف ای میل ایڈریس متاثر ہوا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سائبر حملے کے بعد ہیکرز نے ڈیٹا کی واپسی کے لیے تاوان کا مطالبہ کیا، تاہم ایئرپورٹس گروپ نے رقم ادا کرنے سے انکار کردیا۔حکام کے مطابق سائبر حملے سے مسافروں کی حفاظت، ایوی ایشن سیکیورٹی یا پروازوں کے آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑا اور تینوں ایئرپورٹس پر معمول کے مطابق پروازیں جاری ہیں۔مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ کے مطابق متاثرہ معلومات میں ایئرپورٹ وائی فائی، کار پارک، لاؤنج اور فاسٹ ٹریک بکنگ سے متعلق ڈیٹا شامل ہے، جبکہ صارفین کی بینک اور ادائیگی سے متعلق معلومات محفوظ ہیں۔ایئرپورٹس گروپ کو سائبر حملے کا منگل کے روز علم ہوا، جس کے بعد فوری اقدامات کرتے ہوئے خطرے کو محدود کردیا گیا۔ انتظامیہ نے متاثرہ صارفین کو مشکوک ای میلز، فون کالز اور ٹیکسٹ پیغامات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے