پمز آتشزدگی: سعودی عرب کا پاکستان اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پمز اسپتال کی نرسری میں پیش آنے والے دلخراش آتشزدگی کے واقعے پر سعودی عرب نے پاکستان کی حکومت اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پمز اسپتال کے زچہ و بچہ صحت کے وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں نومولود بچوں کی اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ مملکت سعودی عرب جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ، حکومت پاکستان اور برادر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔بیان کے مطابق سعودی عرب نے اس المناک سانحے میں اپنے نومولود بچوں کو کھونے والے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ سعودی حکومت نے غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں اور پاکستانی قوم کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے دکھ میں شریک ہونے کا پیغام دیا۔سعودی وزارت خارجہ نے پاکستان اور اس کے عوام کے لیے امن، سلامتی اور استحکام کی خواہش بھی ظاہر کی۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں نرسری میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 14 نومولود بچے جاں بحق ہوئے، جس کے بعد ملک بھر میں غم و افسوس کی فضا ہے۔ واقعے کی تحقیقات بھی جاری ہیں اور اسپتال کے حفاظتی انتظامات پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں