16 سالہ لڑکا جو دن رات پانی میں رہتا ہے: ’باہر آتے ہی میرا جسم جلنے لگتا ہے‘
مرشد آباد: بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں ایک 16 سالہ نوجوان اقبال کی نایاب اور غیر معمولی طبی حالت نے سوشل میڈیا اور عالمی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ اقبال ایک ایسی پُراسرار بیماری میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے وہ دن اور رات کا زیادہ تر وقت تالاب کے پانی میں ہی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اقبال کے مطابق جیسے ہی وہ تالاب سے باہر نکلتے ہیں، ان کے پورے جسم پر ناقابل برداشت جلن اور تکلیف شروع ہو جاتی ہے، جس کا واحد علاج صرف پانی کے اندر رہنا ہی بن چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور روزمرہ زندگی
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اقبال اپنے گاؤں بیلڈانگا کے ایک مقامی تالاب میں مسلسل گھنٹوں بیٹھے رہتے ہیں۔ حالت اس حد تک پہنچ چکی ہے کہ وہ کھانا پینا اور دیگر بنیادی ضروریات بھی تالاب کے پانی میں ہی پوری کرتے نظر آتے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال نے بتایا:
”جیسے ہی میں پانی سے باہر قدم رکھتا ہوں، میرا پورا جسم جلنے لگتا ہے اور شدید تکلیف شروع ہو جاتی ہے، جس کے بعد فوری پانی میں جانا پڑتا ہے۔”
بزنس مین اننت امبانی کا علاج کی ذمہ داری کا اعلان
اقبال کی دلخراش حالت اور سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد معروف بھارتی بزنس مین اننت امبانی نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اننت امبانی نے نوجوان کے مکمل اور جدید علاج کے تمام اخراجات اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل ایک خصوصی طبی ٹیم فوراً ان کے پاس روانہ کر دی ہے۔ طبی ٹیم نے اقبال کا ابتدائی معائنہ مکمل کر لیا ہے تاکہ اس نایاب جلدی یا اعصابی بیماری کی حتمی تشخیص کر کے باقاعدہ علاج شروع کیا جا سکے۔