نواب شاہ: مال بردار ٹرین کی بوگی پٹری سے اتر گئی، ڈاؤن ٹریک پر ٹریفک معطل

نواب شاہ:نواب شاہ میں شوگر مل کے قریب مال بردار ٹرین کی ایک بوگی پٹری سے اتر گئی، جس کے نتیجے میں ڈاؤن ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی اور ریلوے ٹریفک شدید متاثر ہوئی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور ریلیف ٹرین جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئیں۔ تکنیکی عملہ بوگی کو دوبارہ ٹریک پر چڑھانے اور پٹری کی بحالی کے کام میں مصروف ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر ٹریک کی خرابی یا تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، تاہم اصل وجوہات کا تعین تفصیلی معائنے کے بعد کیا جائے گا۔
ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹریک کو جلد از جلد کلیئر کر کے ٹرینوں کی معمول کے مطابق روانگی بحال کر دی جائے گی، جبکہ واقعے کی باضابطہ تحقیقات کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔