سکھر میں ایف بی آر اور تاجر برادری کا اہم اجلاس، معاشی استحکام کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق

سکھر:
وفاقی ادارۂ محصولات (ایف بی آر) اور مقامی تاجر برادری کا ایک اہم اور مشترکہ اجلاس سکھر میں منعقد ہوا، جس میں ملکی معیشت کی مضبوطی، ٹیکس کلچر کے فروغ اور تاجروں کے مسائل کے حل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ایف بی آر عبدالمجید سانگی اور اسسٹنٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو صاحبزادہ غلام نور جہانیاں نے معاشی استحکام میں کاروباری طبقے کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی پائیدار ترقی صرف اسی صورت ممکن ہے جب ایف بی آر اور تاجر برادری شانہ بشانہ آگے بڑھیں۔
ڈپٹی کمشنر عبدالمجید سانگی نے بروقت ٹیکس ادائیگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو وسعت دے کر پاکستان عالمی معیشت میں اپنا جائز مقام حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایف بی آر ہمیشہ سے تاجر دوست پالیسیوں پر عمل پیرا رہا ہے اور وفاقی و صوبائی سطح پر تمام اہم فیصلے کاروباری برادری کی باہمی مشاورت سے ہی طے کیے جاتے ہیں۔
سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی میزبانی میں منعقدہ اس اجلاس میں تاجر سپریم کونسل کے جنرل سیکریٹری ممتاز لکی، آل سکھر تاجر اتحاد کے جنرل سیکریٹری محمد شبیر میمن اور سکھر اسمال ٹریڈرز کے جنرل سیکریٹری محمد عامر فاروقی سمیت دیگر سرکردہ تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تاجر رہنماؤں نے ایف بی آر کے اعلیٰ حکام کی جانب سے مسائل سننے اور مثبت رویہ اپنانے کے اقدام کو سراہا۔ حاجی محمد جاوید میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکھر کی تاجر برادری ایک پلیٹ فارم پر متحد ہے اور ملکی معیشت کے استحکام، قانون کی پاسداری اور قومی ترقی کے سفر میں ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہے۔