امریکی ڈیموکریٹک سینیٹر جان اوسوف نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے وائٹ ہاؤس میں بال روم بنانے اور اپنی معاون نٹالی ہارپ کے ساتھ سفر کرنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جان اوسوف نے کہا کہ صدر ٹرمپ اہم ملکی امور پر توجہ دینے کے بجائے وائٹ ہاؤس میں بال روم کی تعمیر میں مصروف ہیں، جبکہ وہ اپنی معاون نٹالی ہارپ کے ساتھ ”اڑتے محل“ میں سفر کرنا چاہتے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے سینیٹر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اسے جنسی امتیاز اور بدگمانی پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔نٹالی ہارپ امریکی صدر کی ایگزیکٹو اسسٹنٹ ہیں، جن کی ذمہ داریوں میں صدر کے روزمرہ امور، رابطہ کاری اور کمیونیکیشن مینجمنٹ شامل ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق نٹالی ہارپ نے مبینہ طور پر 2023 میں ٹرمپ کو کئی تعریفی اور ذاتی خطوط بھیجے تھے۔ ایک خط میں ہارپ نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ٹرمپ ہی ان کے لیے سب کچھ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ سوشل میڈیا پر اپنی بعض پوسٹس نٹالی ہارپ کو زبانی بتا کر لکھواتے ہیں، جس سے صدر تک ان کی رسائی اور اثر و رسوخ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ جب ترکیہ سے ایئرفورس ون کے بجائے ایک چھوٹے طیارے میں روانہ ہوئے تو اس وقت بھی نٹالی ہارپ ان کے ہمراہ موجود تھیں۔