بحیرۂ احمر حملہ: جاں بحق 2 پاکستانیوں کی میتیں کراچی پہنچ گئیں

بحیرۂ احمر میں یمنی حوثی باغیوں کے تجارتی بحری جہاز پر حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے دو پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچا دی گئی ہیں، جبکہ زخمی عملے کے ارکان کو بھی پاکستان منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق حوثی حملے کا نشانہ بننے والے بحری جہاز کے پاکستانی عملے میں شامل جاں بحق افراد کی میتیں سعودی ایئرلائن کی پرواز 700 کے ذریعے جدہ سے کراچی ایئرپورٹ پہنچائی گئیں۔جاں بحق ہونے والوں میں لانڈھی سے تعلق رکھنے والے عمیر افضل اور منزل پمپ کے علاقے سے تعلق رکھنے والے محمد اکرم شامل ہیں۔حملے میں زخمی ہونے والے عملے کے ارکان عابد علی، محمد رضوان اور محمد وحید کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 762 کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق سعودی سفارتخانے اور حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام نے کراچی ایئرپورٹ پر جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو وصول کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے بعض دیگر افراد کو علاج اور دیگر ضروری انتظامات کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ بھی منتقل کیا گیا ہے۔