پاکستان کے مختلف علاقوں میں 5.4 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف و ہراس

پاکستان کے مختلف علاقوں میں 5.4 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، ملاکنڈ، سوات اور مانسہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں محسوس کیے گئے۔پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.4 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش ریجن تھا۔ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 187 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی متعدد افراد خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ریسکیو ذرائع اور مقامی انتظامیہ کے مطابق زلزلے کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث فی الحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔