بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 سے زائد دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے بڑے آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد مارا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان ناکہ بندی کرکے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔کارروائیوں کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر عسکری سامان برآمد کیا گیا۔سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔