اسلام آباد: پاکستانی شہریوں کے لیے بیرونِ ملک ملازمتوں کے بہترین مواقع سامنے آگئے ہیں۔ بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو میں پاکستانیوں کے لیے مختلف عالمی سطح کی ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں۔
یونیسکو کی جانب سے P-1 سے P-5 اور ڈائریکٹر سطح کے D-1 اور D-2 عہدوں پر ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
تعلیم، سائنس، ثقافت، انتظامیہ، فنانس، انجینئرنگ اور دیگر سماجی و انتظامی شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ان مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
امیدوار کے پاس متعلقہ شعبے میں یونیورسٹی ڈگری، پیشہ ورانہ قابلیت اور عملی تجربہ ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ بہترین مواصلاتی صلاحیتوں کے ساتھ انگریزی اور فرانسیسی زبان پر عبور رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔
منتخب امیدواروں کو عالمی سطح کے منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ بنیادی تنخواہ کے ساتھ فیملی الاؤنس، بچوں کی تعلیم کے لیے مالی معاونت، سفری الاؤنس اور دیگر مراعات بھی یونیسکو کے قوانین کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔
خواہشمند امیدوار یونیسکو کے آن لائن کیریئر پورٹل careers.unesco.org کے ذریعے درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ انتخاب کے عمل کے دوران امیدواروں کو تکنیکی جانچ، تحریری ٹیسٹ اور انٹرویو کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔
بیورو آف امیگریشن نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی غیر رسمی ایجنٹ یا تھرڈ پارٹی پورٹل پر بھروسہ نہ کریں اور ملازمتوں کی تصدیق براہِ راست یونیسکو کی سرکاری ویب سائٹ سے کریں۔
امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے قبل اپنے مکمل دستاویزات، جن میں سی وی اور کور لیٹر شامل ہیں، آن لائن جمع کرا دیں۔