لاہور (ویب ڈیسک): پنجاب کے تمام کالجوں میں داخلوں کے حوالے سے اہم تبدیلی کرتے ہوئے محکمہ تعلیم نے مینوئل داخلوں کا نظام ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2027 سے صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں داخلے مکمل طور پر آن لائن سسٹم کے ذریعے کیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق داخلہ کے پورے عمل کو مرحلہ وار ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد طلبہ کے لیے داخلہ حاصل کرنے کا عمل آسان، شفاف اور مؤثر بنانا ہے۔
ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (DPI) پنجاب ڈاکٹر انصر اظہر کے مطابق آن لائن داخلوں کا فیصلہ پنجاب حکومت کی پیپر لیس پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت کالجز طلبہ کو پرنٹ شدہ پراسپیکٹس یا روایتی داخلہ فارم جاری نہیں کریں گے۔
طلبہ کو داخلے کے لیے درخواست، ضروری معلومات اور دیگر متعلقہ مراحل آن لائن سسٹم کے ذریعے مکمل کرنا ہوں گے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق داخلہ فیس کی آن لائن ادائیگی کا نظام پہلے ہی متعارف کرایا جا چکا ہے، جبکہ داخلے کے دیگر مراحل کو بھی ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر انصر اظہر نے طلبہ اور والدین پر زور دیا ہے کہ وہ داخلے کے لیے کالجز کے چکر لگانے اور لمبی قطاروں میں انتظار کرنے کے بجائے آن لائن نظام سے استفادہ کریں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق نئے نظام سے طلبہ کو گھر بیٹھے داخلہ درخواست جمع کرانے کی سہولت حاصل ہوگی جبکہ داخلہ کے عمل میں وقت کی بچت کے ساتھ شفافیت اور انتظامی امور میں بھی بہتری آنے کی توقع ہے۔