حیدرآباد: حیدرآباد کنگزمین کے نوجوان فاسٹ بولر محمد علی کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کو اپنی فارم میں واپسی کے لیے ایک اچھی اننگز کی ضرورت ہے۔
ملتان سلطانز کے خلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی نے کہا کہ ابتدا میں ٹیم کمبی نیشن بنانے میں وقت لگا جس کے باعث شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کراچی پہنچنے کے بعد ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل چار فتوحات کے بعد ٹیم پلے آف کی جانب بڑھ رہی ہے، جبکہ ٹیم میں پاور ہٹنگ کرنے والے بیٹرز موجود ہیں۔ کپتان مارنس لبوشین اننگز کو سنبھالنے میں دیگر بیٹرز کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں۔
محمد علی نے کہا کہ عثمان خان کی شاندار سنچری کے بعد ٹیم جیت کی حقدار تھی، جبکہ حسان خان نے آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ کا فاتحانہ اختتام کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈریسنگ روم میں شکست کے باوجود ہمیشہ مثبت سوچ رہی، جس کی بدولت کامیابیاں مل رہی ہیں۔
فاسٹ بولر کے مطابق گلین میکسویل کا تجربہ ٹیم کے لیے نہایت مفید ثابت ہو رہا ہے، وہ نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ حیدرآباد کنگزمین نے ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ عثمان خان کو سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔