لاہور میں بسنت کی تیاریوں میں پیشرفت، پنجاب کابینہ نے 4 اضلاع میں پتنگ سازی کی اجازت دے دی

لاہور میں بسنت کی تیاریوں میں پیشرفت، پنجاب کابینہ نے 4 اضلاع میں پتنگ سازی کی اجازت دے دی

لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو متوقع بسنت کی تقریبات کی تیاریوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پنجاب کابینہ نے پتنگ بازی سے متعلق سامان کی تیاری کے لیے مزید 4 اضلاع میں اجازت دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ نے فیصل آباد، قصور، شیخوپورہ اور ملتان میں پتنگ سازی کے مواد کی تیاری کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اجازت پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دی گئی ہے۔حکومتی فیصلے کے مطابق ان چاروں اضلاع میں پتنگ سازی سے وابستہ مینوفیکچررز کو اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رجسٹریشن کرانا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ تمام مینوفیکچررز کو حکومت پنجاب کے آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی رجسٹریشن مکمل کرنا ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے یہ اقدام بسنت کے ممکنہ انعقاد کے پیشِ نظر کیا گیا ہے تاکہ پتنگ سازی کے عمل کو قانونی دائرے میں لایا جا سکے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ بسنت کے دوران انسانی جانوں کے تحفظ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے حکومت پنجاب کی جانب سے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔