کراچی کے علاقے مائی کلاچی میں ماں اور اس کے تین معصوم بچوں کو قتل کر کے لاشیں گٹر میں پھینکنے کے ہولناک واقعے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم مسرور حسین کو جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش میں ہی اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، تاہم واقعے کے دیگر پہلوؤں اور حقائق جاننے کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔پولیس کے مطابق ملزم نے بیان دیا ہے کہ مقتول خاتون تعویز گنڈے کا عمل کرتی تھی، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ اور پریشانی کا شکار تھا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اسی پریشانی کے باعث اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے خاتون انیلہ اور اس کے تین بچوں کو قتل کر دیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور آئندہ دنوں میں مزید اہم انکشافات سامنے آ سکتے ہیں۔