پاکستان کا وینزویلا میں بڑھتی کشیدگی پر اظہارِ تشویش امریکی کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار

پاکستان نے وینزویلا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی یکطرفہ کارروائی کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں کی لپیٹ میں ہے اور کیریبین خطے میں عدم استحکام عالمی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرات پیدا کر سکتا ہے۔عثمان جدون کا کہنا تھا کہ تمام فریقین کو کشیدگی میں کمی، مکالمے اور ثالثی کی کوششوں کو موقع دینا چاہیے، کیونکہ یکطرفہ فوجی اقدامات نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بلکہ عالمی قانونی نظام کو بھی کمزور کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں طویل المدتی عدم استحکام جنم لے سکتا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ وینزویلا کے بحران کا واحد پائیدار حل مکالمہ اور سفارتکاری ہے، جبکہ وینزویلا کے عوام کی مرضی کا احترام اور بیرونی مداخلت سے گریز ناگزیر ہے۔پاکستانی مندوب نے امید ظاہر کی کہ لاطینی امریکا اور کیریبین خطہ تصادم اور محاذ آرائی سے محفوظ رہے گا اور وینزویلا میں امن، استحکام اور عوامی فلاح تمام کوششوں کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔عثمان جدون نے تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر صومالیہ کو مبارکباد بھی دی۔