پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دوسری شادی کرنے کی رنجش پر پہلی بیوی نے بھائی اور بہن کے ساتھ مل کر اپنے وکیل شوہر اویس اکرم کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق اویس اکرم نے کچھ عرصہ قبل نجمہ عرف سونیا سے شادی کی تھی، تاہم بعد ازاں اس نے اپنی ہی برادری کی ایک لڑکی سے دوسری شادی کرلی جس پر گھریلو تنازع شدت اختیار کر گیا رنجش کے باعث نجمہ ناراض ہو کر اپنے بھائی کے گھر چک ڈھکو چلی گئی تھی۔ دوسری جانب اویس اکرم رسول پور میں اپنے چچا کے گھر موجود تھا۔ اسی دوران پہلی بیوی نجمہ اپنے بھائی اور بہن کے ساتھ وہاں پہنچی اور مبینہ طور پر اویس اکرم کو تشدد کرکے قتل کردیا ایس ایچ او چوہدری سرور پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس نے نجمہ عرف سونیا، اس کی بہن عزرہ بی بی، اظہر الحسن اور اعظم کو گرفتار کرلیا ہے۔