ایئربس A320 طیاروں میں سافٹ ویئر کے سنگین مسئلے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں بھی فلائٹ آپریشن متاثر ہو سکتا ہے۔ عالمی سطح پر ایئربس طیاروں کو تکنیکی مشکلات کا سامنا ہے، اور سافٹ ویئر کی خرابی کے باعث دنیا بھر میں ہزاروں طیارے گراؤنڈ کر دیے گئے ہیں ایئربس کمپنی کے مطابق نئے سافٹ ویئر کو سولر ریڈی ایشن (شمسی تابکاری) سے متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد کمپنی نے 6 ہزار سے زائد طیاروں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی (ایاسا) نے بھی ایئر وردی نیس ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے متعلقہ طیاروں کو فوراً گراؤنڈ کرنے کی ہدایت کر دی ہے ایئربس کی جانب سے حال ہی میں جاری کیے گئے نئے سافٹ ویئر (ریلیز 104) میں دوران رواز مختلف ایئر لائنز کے طیاروں میں خرابی رپورٹ ہوئی، جس کے بعد کمپنی نے ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر پرانا ورژن دوبارہ لوڈ کیا جائے پاکستان میں بھی مختلف ایئرلائنز کے پاس اے 320 طیارے موجود ہیں، جس کے باعث ملکی فلائٹ آپریشن متاثر ہو سکتا ہے تاہم پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے کسی بھی طیارے میں نیا سافٹ ویئر نصب نہیں کیا گیا، اس لیے قومی ایئر لائن کا بیڑا مکمل طور پر محفوظ ہے۔