معدنیات کے شعبے میں بڑی پیش رفت، پاکستانی کمپنی اور امریکی ادارے کے درمیان MOU پر دستخط کراچی پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایک امریکی کمپنی نے پاکستان میں 500 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے پاکستانی منرلز کمپنی اور امریکی کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت (MOU) پر دستخط کیے گئے۔ دستخط کی تقریب فیڈریشن ہاؤس ہیڈ آفس کراچی میں منعقد ہوئی پاکستانی کمپنی کے چیئرمین حنیف گوہر کے مطابق امریکی کمپنی کی یہ سرمایہ کاری معدنیات کے شعبے میں نئی راہیں کھولے گی اور ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا سبب بنے گی امریکی کمپنی کے سی ای او کرسٹوفر گیرسٹین نے کہا کہ وہ گزشتہ 30 برسوں سے معدنیات کے شعبے سے وابستہ ہیں اور پاکستان میں موجود امکانات ان کے لیے انتہائی پرکشش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنی وسائل کی بڑی ذخائر موجود ہیں جن پر سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا معاہدے کے تحت پاکستانی نوجوانوں کو امریکہ بھیجا جائے گا جہاں انہیں معدنیات کے مختلف شعبوں میں جدید تربیت فراہم کی جائے گی، جس سے ملکی افرادی قوت کو عالمی معیار کی مہارتیں حاصل ہوں گی پاکستانی کمپنی کے سی ای او نے مزید بتایا کہ اسٹاک میں موجود قیمتی دھاتیں جلد امریکہ ایکسپورٹ کی جائیں گی، جس سے پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ متوقع ہے ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ ملکی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے اور مستقبل میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔