اقوام متحدہ نے شامی صدر احمد الشرع پر پابندیاں ختم کر دیں، پیر کو ٹرمپ سے ملاقات متوقع

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شامی صدر احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس حسن پر عائد پابندیاں ختم کر دیں۔یہ قرارداد امریکا کی جانب سے پیش کی گئی جسے چودہ ارکان کی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ چین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔پابندیوں کے تحت دونوں رہنماؤں کے اثاثے منجمد، اسلحہ اور سفر پر پابندیاں عائد تھیں۔شامی صدر احمد الشرع پیر کو وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔یاد رہے کہ سابقہ القاعدہ سے منسلک ہونے کی وجہ سے الشرع اور دیگر رہنماؤں پر 2014 سے اقوام متحدہ کی پابندیاں عائد تھیں۔پابندیاں ختم ہونے سے شام کو معاشی بحالی، تعمیرِ نو اور بین الاقوامی تعلقات میں بہتری کی توقع ہے۔واضح رہے کہ بشار الاسد کا 13 سالہ دورِ حکومت دسمبر 2024 میں ختم ہوا تھا جب احمد الشرع کی قیادت میں حریت تحریر الشام نامی تنظیم نے دمشق پر قبضہ کر لیا تھا۔بشار الاسد کے خاتمے کے بعد عالمی برادری نے شام کی معیشت اور انسانی حالات بہتر بنانے کے لیے پابندیوں میں نرمی شروع کر دی تھی۔امریکا نے مئی 2025 میں سعودی عرب میں الشرع سے ملاقات کے بعد شام پر اپنی پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، جو ایک بڑی پالیسی تبدیلی تھی۔