خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی ہم منصب شی جن پنگ کی جنوبی کوریا میں ہونے والی اہم ملاقات کے نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔چینی اسٹیٹ کونسل کے ٹیرف کمیشن کے مطابق، چین ایک سال کے لیے امریکی اشیا پر 24 فیصد اضافی ٹیرف معطل کرے گا، تاہم 10 فیصد لیوی برقرار رہے گی۔واضح رہے کہ چین دنیا کا سب سے بڑا زرعی خریدار ہے۔ٹیرف کمیشن نے یہ بھی اعلان کیا کہ چین 10 نومبر سے امریکی زرعی سامان پر 15 فیصد تک کے کچھ ٹیرف معطل کر دے گا۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد چین پر ٹیرف 57 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔چینی صدر سے ملاقات کے بعد ایئر فورس ون پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان کئی اہم نکات پر اتفاق ہوگیا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ امریکا تمام چینی مصنوعات پر عائد ٹیرف کو کم کرے گا، چین پر ٹیرف 57 فیصد سے کم کر کے 47 فیصد ہوگا، جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔