لاہور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے حکام کو شہریوں کی شناختی دستاویزات اور پاسپورٹ کی ڈیلیوری مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر داخلہ نے لاہور کے علاقے فہد ٹاؤن میں نادرا سینٹر اور ڈیرہ گجراں شالیمار میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کے اجرا کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران محسن نقوی نے نادرا سینٹر اور پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔انہوں نے وہیل چیئر پر موجود بزرگ خاتون کی درخواست فوری طور پر پراسس کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کا کام خصوصی پروٹوکول کے ساتھ فی الفور نمٹایا جائے۔وزیر داخلہ نے شہریوں سے خدمات کے معیار سے متعلق پوچھا تو شہریوں نے بتایا کہ پاسپورٹ بنوانے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا اور باری جلدی آ جاتی ہے۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات کے معاملات تیزی سے نمٹائے جائیں تاکہ کسی شہری کو اپنی دستاویز کے حصول میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ شناختی دستاویزات اور پاسپورٹ کی فراہمی مقررہ وقت میں یقینی بنائی جائے اور نادرا سینٹر و پاسپورٹ آفس آنے والے ہر شہری کا کام بروقت مکمل ہو۔