وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت (فوسپا) نے ایک بیوہ خاتون کو اُن کی جائیداد کا جائز حق واپس دلوا دیا۔ترجمان فوسپا کے مطابق خاتون مہوش طاہر کو اُس جائیداد کے بارے میں علم ہی نہیں تھا جو اُن کے شوہر کے انتقال کے بعد ایک رشتہ دار نے اپنے قبضے میں لے لی تھی۔ مذکورہ رشتہ دار نہ صرف جائیداد استعمال کر رہا تھا بلکہ اُس کا کرایہ بھی وصول کر رہا تھا۔فوسپا کی مداخلت پر سی ڈی اے اور فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے تعاون سے جائیداد کی تمام دستاویزات حاصل کی گئیں، اور خاتون کو اُن کا حق واپس دلوا دیا گیا۔وفاقی محتسب فوزیہ وقار کا کہنا تھا کہ کئی خواتین، خاص طور پر بیوائیں، اپنی جائیداد یا وراثت کے حقوق سے لاعلم ہوتی ہیں۔ فوسپا اس بات کو یقینی بنائے گا کہ کوئی بھی عورت لاعلمی یا وسائل کی کمی کے باعث اپنے حق سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جائیداد کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل اور باآسانی دستیاب بنایا جائے تاکہ خواتین اپنے حقوق خود حاصل کر سکیں۔