عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر عمرے پر جانے سے روک دیا گیا، جس پر انہوں نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر توہینِ عدالت دائر کرنے کا اعلان کیا۔تفصیلات کے مطابق شیخ رشید عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے جب ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انہیں روک دیا۔ ان کے وکیل سردار شہباز کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے ایک روز قبل تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا، جس میں ان کو عمرے پر جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ایئرپورٹ پر روکے جانے کے بعد جاری ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ “میرے پاس ہائی کورٹ کا تحریری حکم موجود ہے اور اس کی نقل اداروں کو بھی دی جا چکی ہے، لیکن اس کے باوجود مجھے جانے سے روک دیا گیا۔”انہوں نے کہا کہ وہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر جسٹس صداقت علی خان کی عدالت میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کریں گے۔شیخ رشید نے بتایا کہ یئرپورٹ پر انہیں عابد خان اور توقیر نامی اہلکاروں نے روکا اور ہائی کورٹ کا حکم ماننے سے انکار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ “جس ملک میں عدالتوں کے احکامات نہ مانے جائیں، وہاں اللہ ہی کی طرف دیکھنا چاہیے۔”