مسلم لیگ ن نے 27ویں آئینی ترمیم میں پیپلز پارٹی سے تعاون مانگا بلاول بھٹو زرداری کا انکشاف

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے پیپلز پارٹی سے تعاون مانگا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (سابق ٹوئٹر) پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا ایک وفد صدر آصف علی زرداری اور مجھ سے ملاقات کے لیے آیا تھا، جہاں وفد نے 27ویں آئینی ترمیم کے لیے ہماری حمایت طلب کی۔انہوں نے بتایا کہ مجوزہ آئینی ترمیمی پیکج میں-آئینی عدالت کے قیام،ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی،ججوں کے تبادلوں کا اختیار،این ایف سی ایوارڈ میں صوبائی حصے کے تحفظ کے خاتمے،اور آرٹیکل 243 میں ترمیم جیسے نکات شامل ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ترمیمی پیکج میں تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات کو وفاق کو واپس دینے اور الیکشن کمیشن کی تقرری پر جاری تعطل ختم کرنے کی تجاویز بھی شامل ہیں۔