اقوام متحدہ میں پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب کشمیر بھارت کا حصہ نہیں سرفراز احمد گوہر

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان مشن کے فرسٹ سیکریٹری سرفراز احمد گوہر نے بھارت کے دعوؤں کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر نہ بھارت کا حصہ تھا، نہ ہے اور نہ ہی کبھی ہوگا۔انہوں نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ جموں و کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے جس کا فیصلہ صرف رائے شماری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی ضمانت دیتی ہیں، اور بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 25 کے تحت ان قراردادوں پر عمل کرنے کا پابند ہے۔دوسری جانب، پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کونسل کو مظلوم اقوام کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے زور دیا کہ کونسل کو مقبوضہ خطوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوگا، کیونکہ امن تبھی ممکن ہے جب غیر ملکی قبضہ ختم ہو اور حقِ خودارادیت دیا جائے۔