پارلیمنٹ لاجز میں ایمبولینس اور ویل چیئر کی کمی پر نعیمہ کشور کا ڈپٹی اسپیکر کو خط

جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی نعیمہ کشور خان نے پارلیمنٹ لاجز میں طبی سہولیات کی کمی پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ کو خط لکھ دیا۔حلقہ این اے 317 سے تعلق رکھنے والی رکن اسمبلی نے اپنے خط میں کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کی ڈسپنسری میں ویل چیئر اور ایمبولینس موجود نہیں، اسپتال سے لاجز منتقلی کے لیے بھی ایمبولینس فراہم نہیں کی گئی۔نعیمہ کشور خان نے بتایا کہ ان کی درخواست پر ٹوٹی ہوئی ویل چیئر دی گئی، زخم کی پٹی کے لیے فی میل عملہ موجود نہیں تھا، جبکہ موجودہ عملے کا رویہ ہتک آمیز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپنسری کا عملہ معمولی علاج کے لیے مریضوں کو پولی کلینک ریفر کرتا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر اسمبلی غلام مصطفیٰ شاہ سے مطالبہ ہے کہ غفلت برتنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے اور انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔